وکالت مقدس پیشہ، پی آئی سی واقعہ سے میرا سر شرم سے جھک گیا: اعتزاز احسن

Last Updated On 11 December,2019 09:19 pm

لاہور: (دنیا نیوز) معروف قانون دان بیرسٹر چودھری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ جنہوں نے گاڑیاں توڑیں اور حملہ کیا وہ صاف نظر آ رہے ہیں، ان کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔

 

 

دنیا نیوز سے خصوصی گفتگو میں انہوں نے تجویز دی کہ بار کونسل کے انتخابات کی مدت 3 سال کر دینی چاہیے۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں ہر سال وکلا کے انتخابات ہوتے ہیں 2020ء کا الیکشن جنوری میں ہونا ہے، 2021ء کے انتخابات کیلئے ووٹ مانگے جا رہے ہیں۔

دل کے ہسپتال پر وکلا کے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ وکالت ایک مقدس پیشہ ہے۔ وکیل کا کالا کوٹ ایک مقدس اور قائداعظم کا نشان ہے۔

اعتزاز احسن کا کہنا تھا کہ وکلا تحریک میں کوئی پتھر نہیں چلا لیکن آج دل کے ہسپتال میں پتھر چل رہے ہیں۔ ہنگامہ آئی اور توڑ پھوڑ وکلا کا کام نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا لپ دو سال وکلا تحریک چلی، اسلام آباد تک ہر بندہ تحریک کا حصہ رہا، 2 سال بعد چیف جسٹس افتخار چودھری بحال ہوئے۔ ہم نے وکلا تحریک چلائی اور عوام کو اس میں شامل کیا۔

انہوں نے کہا کہ 55 سال سے میرا اس شعبے سے تعلق ہے لیکن پی آئی سی واقعہ کی وجہ سے میرا سر شرم سے جھک گیا ہے۔