وزیراعظم عمران خان کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات

Last Updated On 14 December,2019 11:36 pm

ریاض: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کی سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ہوئی ہے۔

دنیا نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کے درمیان ملاقات ریاض میں ہوئی، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا رواں سال مئی کے بعد یہ چوتھا دورہ سعودی عرب ہے، اس سے قبل رواں سال اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان ایک ماہ کے دوران دو مرتبہ سعودی عرب گئے تھے جہاں ان کی ملاقات سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان سے ملاقات ہوئی تھی، ملاقات کے دوران سعودی عرب ایران کی ثالثی سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا ۔

 

  وزیراعظم عمران خان جب سعودی عرب پہنچے تو رائل ٹرمینل پر مدینہ کے ڈپٹی گورنر وحیب السہلی اور جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل خالد مجید نےاستقبال کیا.

سعودی پروٹوکول کے حکام اورپاکستان قونصلیٹ کے افسران بھی استقبال کیلئے موجود تھے. سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی وفد میں شامل تھے۔

وزیراعظم عمران خان نے ایک روزہ سعودی عرب کے دورے کے دوران روضہ رسولﷺ پر حاضری دی اور نوافل ادا کیے اور ملکی سلامتی کیلئے دعائیں بھی مانگیں۔

وزیراعظم عمران خان روضہ رسول کے بعد جب ریاض پہنچے تو رائل ٹرمینل پر ریاض کے گورنر شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز نے استقبال کیا، پاکستان کے سفیر راجہ علی اعجاز بھی موجود تھے، سعودی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے افسران بھی استقبال کےلیے موجود تھے، سیکرٹری خارجہ سہیل محمود بھی وزیر اعظم کے ہمراہ ہیں۔