چھٹیاں گزارنے کے حوالے سے پاکستان نمبر ون سیاحتی ملک

Last Updated On 14 December,2019 06:49 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان دنیا بھر میں سیاحتی حوالے سے بہت اہم ملک گردانا جاتا ہے، چند روز قبل برطانوی شاہی جوڑے نے دورہ کیا اور ملک کے مختلف مقامات میں سیر و تفریح سے لطف اندوز ہوئے، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت بھی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے زور و شور سے کام کر رہی ہے، حکومت کی جانب سے سیاحوں کے لیے ویزہ پالیسی میں نرم اور برطانوی شاہی جوڑے کی کچھ عرصہ قبل پاکستان آمد نے بھی ایک بار پھر پاکستان کو اہم سیاحتی مرکز کے طور پر اُبھار دیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستانیوں کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے جس کے مطابق برطانیہ کے ایک معروف سیاحتی جریدے کوندے ناسٹ ٹریولر نے 2020ء کے بہترین سیاحتی مقامات کی فہرست جاری کر دی ہے۔ جس کے تحت پاکستان کو سیاحت کے اعتبار سے دُنیا بھر میں بہترین ملک قرار دے دیا ہے۔ اور اس کی وجہ یہاں پر پائے جانے والے دلکش فطری مناظر اور قدیم تہذیبی و تاریخی مقامات کو قرار دیا ہے۔ جریدے کے مطابق پاکستان میں اب سیاحت کے ماحول انتہائی سازگار ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ایک دہائی کے دوران پاکستان آرمی نے دہشتگردی کے خلاف بڑی جنگ لڑنے کے بعد ملک سے انتہا پسندی کا خاتمہ کیا، امن کے نتائج اب سامنے آ رہے ہیں دنیا بھر کے مختلف ممالک کے لوگ سیاحت کے حوالے سے پاکستان آ رہے ہیں، کرتار پور راہداری مذہبی سیاحت اور ٹیکسا جیسے درجنوں آثار یہاں موجود ہیں۔

برطانوی جریدے کے مطابق پاکستان میں 22 ہزار فٹ سے بھی بلند چوٹیاں پائی جاتی ہیں۔ دُنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو بھی یہیں پر واقع ہے، اس کے علاوہ نانگا پربت جیسی خطرناک چڑھائی والی چوٹی بھی پاکستان کے شمالی علاقے میں واقع ہے۔ ان چوٹیوں کو سر کرنے کے خاطر ہر سال سینکڑوں سیاح اپنی جان داؤ پر لگانے کی جستجو میں پاکستان کھنچے چلے آتے ہیں۔

چترال میں سجنے والا شندور میلہ بھی دُنیا بھر میں اپنی خاص شہرت رکھتا ہے۔ یہاں کا پولو میدان اس لحاظ سے منفرد ہے کہ دُنیا میں اتنی بُلندی پر واقع کسی اور میدان میں پولو نہیں کھیلی جاتی۔ جبکہ ہندو کش کے قدیم باسی کیلاشیوں کو دیکھنے کی خاطر بھی سیاح اُمڈے چلے آتے ہیں۔ جن کے دلچسپ و حیرت انگیز رسوم و رواج اور منفرد لباس بھی سب کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔

لاہور کی بات کریں تو یہاں 17 ویں صدی کی تعمیر کردہ تاریخی بادشاہی مسجد بھی موجود ہے جہاں پر بیک وقت ایک لاکھ افراد کے نماز ادا کرنے کی سہولت موجود ہے۔ اس دلفریب فنِ تعمیر دیکھنے والوں کو اپنا گرویدہ بنا لیتا ہے جو کہ مغل بادشاہوں کی جانب سے تعمیر کیا گیا فن کا ایک شاہکار ہے۔ بین الاقوامی سیاحتی ادارے وائلڈ فرنٹیئرز کے بانی اور چیف ایگزیکٹو جانی بیلبے نے بتایا کہ وہ 1990ء کی دہائی میں کئی بار سیاحوں کو پاکستان کے مختلف مقامات کی سیر کرا چکے ہیں۔

بعد میں دہشت گردی کے جن کے سر اُٹھانے کے بعد بین الاقوامی سیاحت کا سلسلہ رُک گیا تھا، تاہم اب دوبارہ سے پاکستان میں سیاحت کا آغاز ہو چکا ہے۔ جبکہ وزیر اعظم نے بھی مملکت میں بین الاقوامی سیاحت کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات اُٹھائے ہیں، جن کے انتہائی مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ جانی بیلبے کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سونے کی کانوں سے لے کر جادو طاری کر دینے والے سبزہ زار اور پُر فضا مقامات کی کوئی کمی نہیں۔

برطانیہ کے معروف سیاحتی جریدے کوندے ناسٹ ٹریولر کی 2020ء کے بہترین سیاحتی مقامات کی اس فہرست میں دوسرے نمبر پر برطانیہ، تیسرے پر کرغیزستان دیگر ممالک میں ارمینیا، برازیل، آسٹریلیا، آئر لینڈ، فلپائن، فرانس، سسلی، سینیگال، پورٹ لینڈ امریکا، لبنان، چائنا، ڈنمارک، برٹش ورجن آئی لینڈ، مروکو، پاناما، کروشیا، جاپان شامل ہیں۔