شاہ محمود کا کنٹرول لائن کی صورتحال پر اظہار تشویش، بھارت کو بھرپورجواب کی وارننگ

Last Updated On 22 December,2019 07:45 pm

ملتان: (دنیا نیوز) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے دنیا کی توجہ ہٹانے کیلئے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، فالس فلیگ آپریشن بھی کر سکتا ہے، بھارت کی طرف سے کسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کشمیراور لائن آف کنٹرول کی صورتحال پرمایوسی کا اظہار، کہتے ہیں کہ کشمیرکی صورتحال پر 2 روزقبل ویڈیو پیغام کے ذریعے اظہارتشویش کیا، 12 دسمبر کو خط کے ذریعے سلامتی کونسل کو تحفظات سے آگاہ کیا، نئے شہریت بل کیخلاف 10 سے زیادہ بھارتی ریاستوں میں احتجاج ہو رہا ہے، بھارتی اپوزیشن بھی سراپا احتجاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اقلیتیں خصوصاً مسلمان شہریت بل کیخلاف مظاہرے کر رہے ہیں، بھارت نے مقبوضہ کشمیرمیں 39 روز سے کرفیو نافذ کر رکھا ہے، صورتحال سے توجہ ہٹانے کیلئے بھارت فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے.

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے، 2روزقبل بھارت کو متنبہ کیا تھا کہ پاکستان امن پسندملک ہے، بھارت کی طرف سےکسی بھی کارروائی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، گزشتہ روزپاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپورجواب دیا، عالمی برادری مودی حکومت کےخطرناک کھیل کانوٹس لے۔