ملک کے بیشتر علاقوں میں دھند کا راج، اکثر علاقوں میں حد نگاہ انتہائی کم

Last Updated On 30 December,2019 03:29 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک کے بیشتر علاقوں میں کڑا کے کی سردی اور دھند کا راج ہے، شدید سردی کی لہر کے ساتھ دھند نے بھی ریکارڈ توڑ دیا۔ موٹر وے کو کئی مقامات سے بند کر دیا گیا، ٹرینیں لیٹ ہو گئیں۔

شدید سردی کی لہر کے ساتھ دھند بھی ریکارڈ بنا رہی ہے، قومی شاہراہوں پر حد نگاہ صفر سے 20 میٹر رہ گئی۔ لاہور خانیوال سے ملتان موٹروے جبکہ ملتان سکھر موٹر وے ایم فائیو ملتان سے سکھر تک شدید دھند کی وجہ سے بند کر دی گئی۔ لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، مرید کے اور شکر گڑھ روڈ پر ٹریفک کی روانگی متاثر ہو رہی ہے۔

مال بردار ٹرک اور بڑی مسافر گاڑیاں، پٹرول پمپ اور نجی ہوٹلوں پر کھڑی کر دی گئیں۔ سفر کرنے والے مسافروں کو دھند کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملتان، لودھراں، بہاولپور، چیچہ وطنی اور میاں چنوں میں دھند کا راج ہے، رحیم یار خان، صادق آباد اور احمد پور شرقیہ بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

نارووال شہر اور گردونواح میں شدید دھند ہے، دھند کے باعث حد نگاہ صفر ہو گئی۔ شدید سردی کی لہر کے ساتھ دھند نے بھی ریکارڈ توڑ دیا۔ خان پور شہر اور گردونواح میں بھی شدید دھند کے باعث حد نگاہ انتہائی کم ہو گئی۔ ترجمان موٹر وے پولیس کا کہنا ہے مسافر آگے اور پیچھے دھند والی لائٹس کا استعمال کریں۔