بھارتی پولیس کا مسلمانوں پر تشدد، 10 ہزار طلبا کیخلاف مقدمات درج کر لئے:‌ شاہ محمود

Last Updated On 30 December,2019 02:12 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی پولیس مسلم اکثریتی علاقوں‌ میں‌ توڑ پھوڑ اور تشدد کر رہی ہے، حکومت مخالف احتجاج پر 10 ہزار طلبا کے خلاف مقدمات درج کئے گئے. نیب قانون میں ترمیم کے مسودے کو پارلیمنٹ میں پیش کریں گے، اپوزیشن کے پاس قابل عمل اور مثبت تجاویز ہوئیں تو کھلے دل سے قبول کریں گے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ہمسایہ ملک بھارت میں انسانی حقوق کی تشویشناک صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ آج بھارت میں مودی سرکار کی گرفت کمزور پڑ رہی ہے، ہندوستان کو سب سے بڑا خطرہ مودی کی ہندوتوا سوچ سے ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا آج قائداعظم کے 2 قومی نظریئے کی صداقت کو تسلیم کر رہی ہے، بھارت نواز کشمیری طبقہ بھی مودی سرکار کے خلاف سراپا احتجاج ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیب قوانین میں اصلاحات لانے کا مطالبہ بہت پرانا تھا، ایک عوامی تاثر یہ تھا کہ نیب قوانین میں اصلاح کی ضرورت ہے، حکومت نے ایک آرڈیننس کے ذریعے تجاویز سامنے رکھی ہیں، قومی خزانہ لوٹنے والوں کو قانونی نقائص کی وجہ سے فائدہ پہنچا، کئی مقدمات میں نیب کی جانب سے جمع کرائی گئی شہادتیں نامکمل تھیں۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا بعض مقدمات میں استغاثہ کے دلائل کمزور تھے، نیب کو انتقامی کارروائی کے لئے استعمال کیے جانے کا تاثر درست نہیں۔
 

Advertisement