وزیراعظم اور ولی عہد ابوظہبی کی ملاقات، باہمی دلچسپی سے متعلق امور پر بات چیت

Last Updated On 02 January,2020 03:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان اور ابوظہبی کے ولی عہد کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی اور دو طرفہ تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم عمران خان اور ولی عہد ابوظہبی محمد بن زید النہیان کی ملاقات میں خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم اور ابوظہبی کے ولی عہد ون آن ون ملاقات کے بعد وفود کی سطح پر ملاقات کرینگے۔

واضح رہے یو اے ای کے ولی عہد نے گزشتہ سال 6 جنوری 2019ء کو پاکستان کا دورہ کیا تھا جو کسی بھی عالمی رہنما کی طرف سے سال کا پہلا دورہ پاکستان تھا۔

شیخ محمد بن زید کے اس دورے سے صرف ایک ہفتہ قبل ہی امارات کے وزیر برائے رواداری شیخ نہیان بن مبارک آل نہیان اسلام آباد آئے تھے۔ انھوں نے وزیراعظم عمران خان اور صدر عارف علوی سے الگ الگ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات بڑھانے کے امکانات پر بات چیت کی تھی۔

گزشتہ ہفتے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود نے اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ انھوں نے صدر اور وزیراعظم سے ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کے بارے میں پاکستان کے مؤقف کی حمایت کا اعادہ کیا اور انھیں سعودی عرب کی مسئلہ کشمیر پر اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے وزرائے خارجہ کا اجلاس بلانے کے بارے میں تجویز سے آگاہ کیا تھا۔
 

Advertisement