45 فیصد پاکستانی 2020 کے متعلق پر امید ہیں: گیلپ سروے

Last Updated On 06 January,2020 09:30 am

اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) گیلپ نے سال کے اختتامی سروے کے نتائج جاری کر د یئے جن کے مطابق 45 فیصد پاکستانی 2020 کے متعلق اچھی امید رکھتے ہیں۔

عالمی سطح پر پر امید ہونے کی اوسط 37 فیصد ہے۔ امید کے عالمی انڈیکس میں پاکستان 25 ویں نمبر پر ہے۔ اس کی مجموعی پر امیدی کا تناسب 25 فیصد ہے جبکہ عالمی سطح پر یہ اوسط 12 فیصد ہے۔

اس انڈیکس پر 2020 کے متعلق سب سے زیادہ اچھی امید رکھنے والا ملک نائیجیریا ہے جس کے 73 فیصد لوگ نئے سال سے بہتر توقعات باندھے ہوئے ہیں۔ دیگر ممالک میں پیرو اور البانیہ 70 فیصد، قازقستان 67 فیصد اور آرمینیا 62 فیصد کے ساتھ سرفہرست ہیں۔ اگر نا امیدی کا پیمانہ مدنظر رکھا جائے تو لبنان 75 فیصد، ہانگ کانگ 68 فیصد، اردن 60 فیصد اور اٹلی 59 فیصد کے ساتھ اولین جگہ پر موجود ہیں۔

سروے کے مطابق امید اور مایوسی کا براہ راست تعلق عمر اور تعلیم سے ہے، 34 سال تک کی عمر کے نوجوان اور اعلیٰ تعلیم سے آراستہ لوگ زیادہ پر امید ہیں۔ خطے کی سطح پر دیکھا جائے تو مشرق وسطیٰ سب سے زیادہ مایوسی کا شکار ہے جس میں 52 فیصد افراد نا امیدی میں مبتلا ہیں۔

دوسرے نمبر پر مغربی یورپ کا خطہ آیا ہے جبکہ روس کی نسبت امریکا زیادہ پرامید نظر آتا ہے۔ عالمی خوشی کے انڈیکس میں سر فہرست پانچ ممالک میں کولمبیا 88 پوائنٹس، انڈونیشیا 86 پوائنٹس، ایکوا ڈور 85 پوائنٹس، قازقستان 83 پوائنٹس، نائیجیریا اور فلپائن 78 پوائنٹس کیساتھ شامل ہیں۔