امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار، کسی دوسری جنگ کا حصہ نہیں بن سکتے: وزیراعظم

Last Updated On 08 January,2020 10:53 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وزیر خارجہ کو ایران، سعودی عرب اور امریکی دورے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان امن کے لیے کردار ادا کرنے کو تیار ہے تاہم کسی دوسری جنگ کا حصہ نہیں بن سکتے۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جاری ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ پاکستان امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ آرمی چیف کو بھی متعلقہ عسکری حکام سے رابطے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے لکھا کہ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی ہے کہ وہ صورتحال کے پیش نظر متعلقہ ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ملاقات کریں۔

 یہ بھی پڑھیں: آرمی چیف کو امریکی سیکرٹری دفاع کا فون، مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

خیال رہے کہ امریکی سیکرٹری دفاع ڈاکٹر مارک اسپر نے پاک فوج کے سربراہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو ٹیلی فون کرکے مشرق وسطیٰ کی حالیہ سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی سیکرٹری دفاع نے آرمی چیف سے کہا کہ امریکا لڑائی نہیں چاہتا لیکن ضرورت پڑی تو بھرپور جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ ہم چاہتے ہیں کہ حالات مزید کشیدہ نہ ہوں۔ خطے میں امن کیلئے ہر قسم کی کاوش کی حمایت کریں گے۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے امریکی سیکرٹری دفاع ڈاکٹر مارک اسپر پر زور دیا کہ فریقین بیان بازی سے گریز کریں اور سفارتی حل کی طرف آئیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ ہم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ کر کے خطے میں امن کیلئےاقدامات کیے۔ پاکستان افغان امن عمل میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔

 

Advertisement