ناراض ارکان کا وزیراعلیٰ پنجاب کیساتھ ملاقات سے انکار

Last Updated On 10 January,2020 08:59 am

لاہور: (اخلاق باجوہ سے) ناراض ارکان نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کرنے سے انکار کر دیا۔ ناراض ارکان پنجاب اسمبلی نے اپنے مطالبات میں اضافہ کرتے ہوئے محکموں میں بھی سیاسی بنیادوں پر اپنی تعیناتیوں کا مطالبہ کر دیا۔

ناراض ارکان کے ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے پارٹی کے ناراض 20 ارکان پنجاب اسمبلی کو منانے اور ان کے تحفظات دور کرنے کا فیصلہ کیا، اس کے لئے حکومت نے ناراض ارکان کو وزیر اعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے ملاقات کا پیغام دیا۔ اس سلسلہ میں ایک صوبائی وزیر نے ناراض ارکان سے رابطہ کیا۔

حکمران پارٹی کے ناراض ارکان اسمبلی نے نہ صرف ملنے سے انکار کیا بلکہ اپنے مطالبات میں مزید اضافہ بھی کر دیا، ناراض ارکان کا کہنا تھا کہ ہمیں سرکاری محکموں میں بھی سیاسی عہدوں پر تعینات کیا جائے، ملاقات کا پیغام لانے والے صوبائی وزیر کو ناراض ارکان نے جواب دیدیا، ناراض ارکان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی کئی بار یقین دہانیاں اور وعدے کئے گئے۔ لیکن ان پر عملدرآمد نہ ہوا۔

ناراض ارکان نے حکومتی شخصیت کو صاف بتا دیا کہ تحفظات کے دور ہونے اور وعدوں کی تکمیل تک ملاقات نہیں کر سکتے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ آپ کے تحفظات کا وزیراعلیٰ کو علم ہے وہ ملاقات میں ان کو دور کریں گے۔ ذرائع کا یہ کہنا ہے کہ حکومتی شخصیت ناراض ارکان کو وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات کے لیے قائل نہ کرسکی۔
 

Advertisement