وزیر خارجہ سے نئے ایرانی سفیر کی ملاقات، امریکہ کیساتھ کشیدگی پر تبادلہ خیال

Last Updated On 10 January,2020 02:45 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے اسلام آباد میں نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی سے ملاقات کی، وزیر خارجہ نے کہا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں، پاکستان علاقائی ممالک کے درمیان کشیدگی کم کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات نئے ایرانی سفیر سید محمد علی حسینی نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایران امریکا کشیدگی اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بطورسفیر پاکستان تعیناتی پر سیدمحمد علی حسینی کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین دیرینہ تاریخی، مذہبی و کثیرالجہتی برادرانہ تعلقات ہیں، وزیر خارجہ نے امید کا اظہار کیا کہ ان کی بطور سفیر تعیناتی سے پاک ایران دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کسی کے مفاد نہیں، پاکستان علاقائی کشیدگی کم کروانے کیلئے اپنا مثبت کردار ادا کرنے کیلئے پرعزم ہے، اس مقصد کے لئے خطے کے مختلف وزرائے خارجہ سے رابطے جاری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر جلد ایران سمیت اہم بیرونی دوروں پر روانہ ہوں گے۔