انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی راولپنڈی کے بند ڈیپارٹمنٹ اگلے ماہ فعال کرنے کا فیصلہ

Last Updated On 03 February,2020 02:00 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی راولپنڈی کے آوٹ ڈور اور ڈائیلسز ڈیپارٹمنٹ رواں مارچ کے پہلے ہفتے کھول دیئے جائیں گے، انہوں نے ڈیپارٹمنٹ کیلئے خریدی گئی جدید مشینوں کا بھی جائزہ لیا۔

راولپنڈی میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے وزیر صحت کی سربراہی میں جائزہ اجلاس ہوا، اس موقع پر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر عمر و دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عمر نے صوبائی وزیر کو جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے وائس چانسلر کو انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی کے ترقیاتی منصوبوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ مارچ کے پہلے ہفتے میں انسٹی ٹیوٹ کے آؤٹ ڈور اور ڈائیلسز ڈیپارٹمنٹ کو عوام کیلئے کھول دیا جائے گا۔ متعلقہ امراض کے ہزاروں مریض آؤٹ ڈور و ڈائیلسز ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے بہترین علاج معالجہ حاصل کرسکیں گے۔ وزیر صحت نے آؤٹ ڈور اور ڈائیلسز ڈیپارٹمنٹ کیلئے خریدی گئی جدید مشینوں کا بھی جائزہ لیا۔