جہانگیر ترین سے پرویز خٹک کی ملاقات، اتحادی جماعتوں سے رابطوں پر تبادلہ خیال

Last Updated On 05 February,2020 06:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین سے حکومتی کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک نے ملاقات کی جس کے دوران اتحادی جماعتوں سے رابطوں کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس دوران اتحادیوں کے ساتھ رابطے بڑھانے کیلئےنئی کمیٹیوں کی تشکیل پر بھی بات چیت ہوئی۔

رہنما تحریک انصاف جہانگیرترین نے بھر پور سیاسی محاذ سنبھال لیا، اتحادی جماعتوں کو منانے والی حکومتی پارٹی کے سربراہ پرویز خٹک سمیت ارکان قومی اسمبلئ سے ملاقاتیں شروع کر دیں۔ پرویز خٹک نے جہانگیر ترین کو اتحادی جماعتوں سے رابطوں سے متعلق آگاہ کیا۔ ملاقات میں نئی کمیٹیوں کی تشکیل کے علاوہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ حکومتی کمیٹیوں کے اراکین وزیراعظم سے ملاقات کرکے اتحادیوں سے رابطوں میں پیش رفت سے آگاہ بھی کریں گے۔

دریں اثنا جہانگیر ترین سے مظفرگڑھ سے ایم این اے عامر طلال گوپانگ اور سابق ایم این اے سردار عاشق حسین گوپانگ نے بھی ملاقات کی۔ رہنما تحریک انصاف نے اراکین اسمبلی جمیل احمد خان، فہیم خان، آفتاب جہانگیر اور عطاء اللّه سے الگ الگ ملاقاتوں میں سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال کیا۔