اتحادیوں کے تحفظات: وزیراعظم اور جہانگیر ترین کی اہم ملاقات آج شیڈول

Last Updated On 07 February,2020 10:43 am

لاہور: (یاسین ملک ) ناراض اتحادیوں سے معاملات طے کرنے اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کرنے کیلئے وزیر اعظم عمران خان نے جہانگیر ترین کو آج ملاقات کے لئے بنی گالا بلا لیا ہے۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس ملاقات میں سابقہ کمیٹی کی بحالی یا جہانگیر ترین کو موجودہ کمیٹی میں شامل کرنے کے حوالے سے دونوں رہنماؤں کے مابین تبادلہ خیال ہو گا۔ جہانگیر ترین نے گزشتہ روز بھی تحریک انصاف کے پارلیمنٹیرینز سے ملاقاتیں کیں اور انہیں اہداف دئیے۔

واضح رہے کہ ق لیگ پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے جہانگیر ترین کی سربراہی میں بننے والی مذاکراتی کمیٹی تحلیل کرنے کے بعد حکومت سے شدید نالاں ہے، ق لیگ کا موقف ہے کہ پہلی کمیٹی کیساتھ مذاکرات کے متعدد ادوار مکمل ہو چکے تھے اور کافی حد تک معاملات بھی طے ہوگئے تھے، نئی کمیٹی کیساتھ نئے سرے سے مذاکرات کا سلسلہ شروع نہیں کر سکتے ہیں۔

اس صورتحال میں اپوزیشن نے بھی حکومت کو ٹف ٹائم دینا شروع کر دیا ہے اور پنجاب میں تحریک انصاف کے اپنے صوبائی ممبران بھی حکومت سے ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں، ملاقات میں ان امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔