نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس نامکمل، بورڈ نے حکومت کو حتمی مراسلہ لکھ دیا

Last Updated On 07 February,2020 04:31 pm

لاہور: (دنیا نیوز) نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کیلئے سرکاری میڈیکل بورڈ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے۔

سربراہ میڈیکل بورڈ پروفیسر محمود ایاز کہتے ہیں کہ نامکمل رپورٹس فراہم کی جا رہی ہیں، مکمل رپورٹس کے لیے پنجاب حکومت کو خط ارسال کر دیا ہے۔

تفصیل کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس پر حتمی رائے دینے پر سرکاری میڈیکل بورڈ تذبذب کا شکار ہے۔ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کی جانب سے تیسری بار بھی پنجاب حکومت کو نامکمل رپورٹس بھجوائی گئیں۔

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس کا جائزہ لینے کیلئے سرکاری میڈیکل بورڈ کا آج ہونے والا اجلاس ملتوی کرتے ہوئے پروفیسر محمود ایاز نے پنجاب حکومت کو حتمی مراسلہ لکھ دیا ہے۔

میڈیکل بورڈ کے سربراہ پروفیسر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹس مسلسل نامکمل فراہم کی جا رہی ہیں۔ جب تک بیرون ملک ہونے والی مکمل انویسٹی گیشن اور ٹیسٹوں کی رپورٹ فراہم نہیں ہوں گی، ہم فیصلہ نہیں کر سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے پیٹ سکین، باڈی سکین، جنیٹک ٹیسٹ، بون میرو اور پلیٹ لیٹس کی تازہ رپورٹس درکار ہیں جبکہ ان کے عارضہ قلب کے ٹیسٹوں کی بھی ضرورت ہے۔

میڈیکل بورڈ کے سربراہ نے مزید کہا کہ نواز شریف کی تمام رپورٹس دیکھنے کے بعد صحت کی خرابی کے معاملے پر حتمی رائے دی جا سکتی ہے۔
 

Advertisement