'گورنر سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، آئی جی کے معاملے پر وہی پرانی باتیں ہوئیں'

Last Updated On 10 February,2020 12:12 pm

کراچی: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ سندھ نے کہا ہے کہ گورنر سے ملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں، آئی جی کے معاملے پر وہی پرانی باتیں ہوئیں، پولیس سربراہ کیلئے پہلے تین بعد میں دو نام دیئے مگر افسوس پھر بھی معاملہ رکا ہوا ہے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا آئی جی سندھ کے معاملے پر کابینہ کے فیصلوں کا پابند ہوں، وفاق کو پانچ نام دے چکے، گورنر سے صوبے کے مسائل پر گفتگو کرنا میرا آئنی فرض ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہہ چکے وہ ہسپتالوں کو نہیں چلا سکتے، سندھ میں ہسپتالوں کا انتظام سنبھالنے کے لیے وفاق کو تجویز دی ہے، جب تک یہ ہسپتال ہمارے پاس ہیں کسی کی مداخلت قبول نہیں کریں گے۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ فوری طور پر نیشنل ٹاسک فورس کا اجلاس بلایا جائے، وزرائے اعلیٰ اس ٹاسک فورس کے ممبر ہوتے ہیں لیکن مجھے کسی اجلاس میں نہیں بلایا گیا۔

اس سے قبل وزیر اعلیٰ سندھ بلدیہ ٹاؤن پہنچے اور سال 2020 کی پہلی انسداد پولیو مہم کا بچوں کو حفاظتی قطرے پلاکر افتتاح کیا۔ کراچی میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم میں 5 سال سے کم عمر 23 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے، مہم میں 13 ہزار پولیو رضا کار حصہ لیں گے، 5 ہزار اہلکار سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔