لاہور: (دنیا نیوز) ہاؤسنگ سکیم مافیا ہتھکنڈوں سے باز نہ آیا، رئیل سٹیٹ مافیا چودھری اورنگزیب نے رائے ونڈ روڈ پر واقع الکبیر ہاؤسنگ سکیم میں عوام کو اربوں کا چونا لگا دیا۔
الکبیر ہاؤسنگ سکیم کے مالکان نے ایل ڈی اے کی منظوری کے بغیر ہی پلاٹس کی خرید وفروخت اور مارکیٹنگ شروع کر دی اور ہزاروں افراد کو غیر منظور شدہ بلاکس کا غیر قانونی مالک بھی بنا ڈالا۔
رئیل سٹیٹ مافیا عوام سے اربوں کا فراڈ کرنے کے باوجود مزید اربوں کا فراڈ کرنے میں مصروف ہے۔ ذرائع کے مطابق الکبیر ہاؤسنگ سکیم کے چئیرمین چودھری اورنگزیب کو صرف 239 کنال اراضی کی منظوری دی گئی تھی اور یہ 239 کنال کا رقبہ الکبیر ٹاون کے بلاک اے اور بی میں واقع ہے۔
الکبیر ٹاؤن انتظامیہ نے بلاک اے، بی کے علاوہ مزید 6 بلاکس بھی غیر قانونی طور پر فروخت کر ڈالے جن میں سی، ڈی، ای، علی، عمر اور عثمان بلاکس شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق ایل ڈی اے نے 2018ء میں الکبیر ٹاون کو صرف 2 بلاکس فروخت کرنے کی منظوری دی تھی۔ منظوری کے مطابق اے اور بی بلاک میں صرف 804 پلاٹس کی خریدوفروخت کی جا سکتی تھی۔
انتظامیہ نے الکبیر ٹاؤن موضع رائی میں 13 ہزار 826 پلاٹس فروخت کر دیئے۔ چودھری اورنگزیب نے 13 ہزار 22 پلاٹس منظوری کے بغیر فروخت کیے۔ غیر قانونی پلاٹس کی فروخت سے آمدنی کا تخمینہ 25 ارب 90 کروڑ لگایا گیا ہے۔
عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک کر پلاٹس کی مد میں 11 ارب 34 کروڑ وصول کر لیے گئے۔ اگلے 6 ماہ میں معصوم عوام کو مزید 14 ارب 13 کروڑ 45 لاکھ کا ٹیکہ لگایا جائے گا۔
ڈی جی ایل ڈی اے سمیر احمد سید کا کہنا ہے کہ الکیبر ٹاؤن میں ہونے والی بے ضابطگیوں کی مکمل انکوائری کی جائے گی۔ اگر قوانین کی خلاف ورزی کی گئی تو کارروائی کی جائے گی۔ کارروائی کرنے کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ ذمہ داروں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کریں گے۔