مصنوعی مہنگائی:وزیراعظم کا ملوث ذخیرہ اندوزوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم

Last Updated On 18 February,2020 07:24 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے مصنوعی مہنگائی میں ملوث ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔ قانونی حد سے زائد غذائی اجناس ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف بڑی سطح پر کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ غریب آدمی کے کھانے پینے کی اجناس غیر قانونی طور پر ذخیرہ نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے ہر صورت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں پندرہ سے 20 فیصد تک کمی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بڑے چھوٹے ذخیرہ اندوزوں کو نہ چھوڑا جائے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو واضح ہدایت جاری کی ہیں کہ غریب عوام کا مفاد ہر چیز سے اوپر ہے۔ مصنوعی طور پر قیمتوں میں ردوبدل کرکے زائد پیسہ نکالنے والوں کے خلاف کارروائی کریں۔

ذرائع کے مطابق ذخیرہ اندوزوں کو 10 دن کے اندر اندر غیر قانونی سٹاک مارکیٹ میں لانا ہوگا۔ مارچ کے پہلے ہفتے تک سٹاک قانون کی حد میں نہ کیا گیا تو کارروائی یقینی ہو گی۔ ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی نہ کرنے والے افسران کیخلاف کارروائی ہوگی۔
 

Advertisement