الکبیر ٹاؤن انتظامیہ نے کیسے فراڈ کیا؟ ایک اور سکینڈل سامنے آ گیا

Last Updated On 20 February,2020 07:17 pm

لاہور: (دنیا نیوز) الکبیر اپارٹمنٹس کے نام پر عوام سے ایک اور دھوکہ دہی کا سکینڈل سامنے آ گیا ہے۔ اپارٹمنٹس کی منظوری کے لیے ایل ڈی اے میں نقشہ کی منظوری کی کوئی درخواست نہیں دی گئی۔

قوانین کے برعکس اور نقشہ منظوری کے بغیر الکبیر اپارٹمنٹس کی اشتہاری مہم بھی جاری ہے۔ الکبیر ٹاؤن انتظامیہ نے منظوری کے بغیر ہی اراضی پر کھدائی کا کام شروع کر دیا۔

چودھری اورنگزیب نے عوام سے پیسے ہتھیانے کے لیے اپارٹمنٹس کی بکنگ شروع کر دی۔ ایل ڈی اے منظوری کے بغیر اپارٹمنٹس خریداری کا 5 سالہ پلان بھی جاری کر دیا۔

الکبیر اپارٹمنٹس کی غیر قانونی اشتہاری مہم پر ایل ڈی اے کا نوٹس بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ شوکاز نوٹس میں الکبیر اپارٹمنٹس کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔

نوٹس میں چیئرمین چودھری اورنگزیب کو 3 روز میں جواب دینے کا حکم دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ الکبیر اپارٹمنٹس کی ایل ڈی اے سے کوئی منظوری نہیں لی گئی۔ تعمیرات کے لیے بغیر کسی منظوری کے موقع پر کھدائی کی جا رہی ہے۔ منظوری حاصل نہ کرنے پر بغیر کسی نوٹس کے تعمیرات کو سیل کر دیا جائے گا۔