ملک بھر میں سائبر کرائمز کے اعدادوشمار جاری، لاہور کا پہلا نمبر

Last Updated On 23 February,2020 06:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ملک بھر میں سائبر کرائمز کے اعدادوشمار اکٹھے کر لیے ہیں۔ لاہور کا پہلا نمبر جبکہ گلگت بلتستان کو سائبر کرائمز سے پاک واحد علاقہ قرار دیا گیا ہے۔

دنیا نیوز کو موصول ایف آئی اے دستاویز کے مطابق ملک بھر میں سائبر کرائمز کے 11028 مقدمات درج کیے گئے۔ 436 افراد کو سزائیں جبکہ 793 مقدمات تاحال زیر التوا ہیں۔

اعدادوشمار کے مطابق لاہور میں مجموعی طور پر 3442 مقدمات میں 147 ملزمان کو سزائیں ہوئی جبکہ دوسرے نمبر پر راولپنڈی میں 1228 مقدمات درج اور 59 بلیک میلروں کو سزا دی گئی۔

انٹرنیٹ پر عوام کو پریشان اور ہراساں کرنے میں پشاور کا تیسرا نمبر رہا۔ پشاور میں 1188 مقدمات درج ہوئے جبکہ 42 مجرم انجام کو پہنچے۔ کراچی میں 1174 مقدمات میں سے صرف 27 مجرمان کو جیل بھیجا گیا۔ اسی طرح گوجرانوالہ میں 1003 مقدمات درج اور 43 ملزمان کو سزائیں سنائی گئیں۔

فیصل آباد میں 926 اور ملتان میں 793 مقدمات درج ہوئے۔ کوئٹہ میں 396 کیسز رجسٹرڈ، ایبٹ آباد میں 311، اسلام آباد میں 244 مقدمات درج اور 28 کو سزادی گئی تاہم گلگت بلتستان میں کوئی کیس رپورٹ نہ ہو سکا۔