نیب نے لیگی رہنما احسن اقبال کا پاسپورٹ قبضے میں لے لیا، بیرون ملک سفر پر پابندی

Last Updated On 28 February,2020 07:33 pm

راولپنڈی: (دنیا نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) راولپنڈی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کا پاسپورٹ ضبط کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کو آج قومی احتساب بیورو کے دفتر پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔ نیب حکام نے لگی رہنما کا پاسپورٹ قبضے میں لے کر ان کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق احسن اقبال نے بیرون ملک سفر نہ کرنے کا بیان حلفی بھی دے دیا ہے۔ نیب نے احسن اقبال سے بیرون ملک سفر نہ کرنے کی یقین دہانی کے لیے بیان حلفی مانگا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: لیگی رہنماؤں شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

یاد رہے کہ 26 فروری کو مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو ضمانتی مچلکے جمع کرانے کے بعد راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔

عدالت کی جانب سے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کی رہائی کے لیے ایک، ایک کروڑ کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ کی سربراہی میں 2 رکنی بنچ نے درخواست ضمانت پر سماعت کی۔ چیف جسٹس نے نیب پراسیکیوٹر کو مخاطب کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ کبھی انکوائری پر گرفتار کرتے ہیں اور کہیں ریفرنس کے بعد بھی نہیں پکڑتے ؟ مقدمہ ثابت ہونے تک ملزم بے گناہ ہوتا ہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ ملزم کی گرفتاری کا نیب اختیار شہری کو آئینی حقوق سے محروم نہیں کرسکتا، اگر درخواست گزار معاونت جاری رکھتے ہیں تو گرفتار کیوں کر رہے ہیں، دونوں ملزمان کو ابھی تک معصوم کہا جاسکتا ہے ؟ غیرضروری گرفتاری کی وجہ پر عدالت کو مطمئن کریں۔

احسن اقبال کے وکیل نے موقف اپنایا کہ نیب گرفتار کرتا، پلی بارگین کیلئے 10 کروڑ روپے مانگتا اور چھوڑ دیتا ہے، بظاہر نیب اغواء برائے تاوان کیلئے لوگوں اٹھاتا ہے جس پر چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا پلی بارگین دنیا بھر میں ہے، ملک میں کرپشن بھی تو ہے، نیب عدالت نہیں، صرف تحقیقاتی ادارہ ہے۔

نیب پراسیکیوٹر بولے نیب صرف شکایت پر بھی گرفتار کر سکتا ہے، جس پر عدالت نے کہا کہ کیا محض شکایت پر بھی گرفتارکرتے ہیں ؟ کریمنل کیس میں ریکوری کرنی ہوتی ہے، نیب پراسیکوٹر نے احسن اقبال پر چار الزمات کی وضاحت کی جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ الزامات میں کہیں کریمنل نیت یا مالی فائدہ لینے کا ذکر تک نہیں، ٹرائل میں جرم ثابت کر کے ملزمان کو 16 سال قید کی سزا دلوائیں غلطی پر بھی کرپشن کیس بنے گا تو گورننس کا پورا نظام رک جائے گا ؟۔

عدالت نے استفسار کیا احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کو گرفتار کیوں کیا گیا ؟ تفتیش مکمل ہے تو احسن اقبال اور شاہد خاقان کو مزید جیل میں کیوں رکھا جائے ؟ احسن اقبال، شاہد خاقان کو ووٹ ملے، انہیں نمائندگی سے کیسے محروم کیا جاسکتا ہے ؟ جن ووٹرز نے احسن اقبال، شاہد خاقان کو ووٹ دیا ان کو کس بات کی سزا ہے ؟ پ کسی کو غیر ضروری گرفتار نہیں کر سکتے، غیر ضروری گرفتاری دراصل اختیارات کا غلط استعمال ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو نے ایک ملزم وفاقی سیکرٹری کو دوسرے سیکرٹری کے خلاف وعدہ معاف گواہ بنایا، عدالت نے احسن اقبال اور شاہد خاقان عباسی کی ضمانت مںظورکرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
 

Advertisement