شہباز شریف کا واک آؤٹ سمجھ سے بالاتر ہے: وزیر خارجہ

Last Updated On 25 March,2020 06:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے متعلق پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کی طرف سے واک آؤٹ کیے جانے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ اپوزیشن لیڈر کی طرف سے واک آؤٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔

شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے کیسز سے متعلق اتنے اہم اجلاس کے دوران واک آؤٹ کے بعد میں درخواست کرتا ہوں کہ میاں محمد شہباز شریف اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ میں ہاتھ جوڑ کر درخواست کرتا ہوں شہبازشریف بڑے پن کا مظاہرہ کریں،ہم سب نے ملکراس چیلنج کا مقابلہ کرنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پارلیمانی پارٹی اجلاس کے دوران وزیراعظم کیوں گئے؟ شہباز، بلاول واک آؤٹ کر گئے

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس کے دوران چلے جانے پر پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے تھے۔

ویڈیو کانفرنس میں خطاب کے بعد وزیراعظم عمران خان کے چلے جانے کے بعد اپوزیشن کی دو بڑی پارٹیوں کے رہنماؤں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اجلاس سے واک آؤٹ کر دیا۔ اور موقف اپنایا کہ وزیراعظم اجلاس سے کیوں چلے گئے۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کا اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں، یہ ملک کے سربراہ کی سنجیدگی کا لیول ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں اجلاس میں بیٹھنا مناسب نہیں، واک اوٹ کرتے ہیں، اتنی بڑی وبا نے پاکستان کو متاثر کیا ہے اور یہ سنجیدگی ہے۔

اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما مولانا عبد الغفور حیدری کا کہنا تھا کہ ملک میں اب تنقید، سیاست کا وقت نہیں، قومی سلامتی کی بات ہے۔ پاکستان میں ہم سب نے ملکر کورونا وائرس سے نجات حاصل کرنی ہے۔
 

Advertisement