وزیر خارجہ کا پاکستان کیلئے قرضوں کی ادائیگی میں آسانی پیدا کرنے پر زور

Last Updated On 07 April,2020 06:04 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان کے قرضوں کی ادائیگی میں آسانی پیدا کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں کورونا وائرس کی وبا کے باعث اقتصادی مسائل کا سامنا ہے۔

تفصیل کے مطابق کورونا وائرس اور اس کے اثرات کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ترقی پذیر ممالک کے عالمی قرضوں میں آسانی پیدا کرنے سے قیمتی انسانی جانوں کو بچانے اور ان ملکوں کی پائیدار ترقی میں مدد مل سکتی ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو قرضوں کی ادائیگی میں سہولتیں فراہم کرنے کے لئے عالمی فورموں پر غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے نیویارک اور جنیوا میں پاکستان کے مندوبین کو اس حوالے سے کوششیں کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے اجلاس کو اقوام متحدہ، شنگھائی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل، یورپی اور سارک ممالک کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر ہونے والی گفتگو کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔
 

Advertisement