اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ عمران خان پر عدم اعتماد دیوانے کا خواب ہے، چینی ایکسپورٹ ہوئی ہے یا نہیں، اصل حقائق 25 اپریل کو فرانزک رپورٹ میں منظرعام پر آئیں گے، 14 اپریل تک لاک ڈاؤن ختم کرنے کے امکانات کم ہیں۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا جہانگیر ترین پی ٹی آئی کے اہم رہنما ہیں اور رہیں گے، میں نہیں سمجھتا جہانگیر ترین اور عمران خان میں فاصلے بڑھ جائیں گے، عمران خان نے کسی کو نہیں نکالا، عہدوں کی تبدیلی ہوئی ہے، 25 اپریل کو رپورٹ آنے کے بعد معلوم ہوگا کون ملوث تھا، جہانگیر ترین کومشورہ ہے وہ پی ٹی آئی سے وابستہ رہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا وزیراعظم نے اجازت دی تو 20 ٹرینیں چلاسکتے ہیں، مغلپورہ ورکشاپ سے کورونا کا کیس سامنے آیا ہے، ورکشاپ لاہور میں 10 ہزار مزدور کام کرتے ہیں جسے 12 اپریل تک بند کر دیا ہے، کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، 50 سال سے زائد عمر کے مزدور درخواست دے کر چھٹی پر جاسکتے ہیں، مزدوروں نے کوچز کو ٹھیک کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا قلی کے سماجی تحفظ پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، قلی 8171 پر میسج کر کے 12 ہزار روپے حاصل کرسکیں گے، ریلوے ملازمین کو تنخواہیں وقت پر دیں گے، بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی۔