کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا، اقوام متحدہ قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے: چین

Last Updated On 08 April,2020 05:18 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) پاکستان کے دیرینہ دوست چین نے ایک مرتبہ پھر مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ میں چینی مشن کے ایک ترجمان نے بھارتی میڈیا کا یہ دعویٰ کہ چین نے گزشتہ ماہ سلامتی کونسل کی اپنی صدارت کے دوران مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر فوری توجہ دینے کا پاکستانی مطالبہ نظر انداز کر دیا تھا، مسترد کرتے ہوئے چین کے اس موقف کا اعادہ کیا کہ کشمیر پر اُس کے نقطہ نظر میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور وہ اب بھی اسے تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا سمجھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر بدستور اہم ہے اور چین مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے۔

ترجمان نے واضح کیا کہ چین مقبوضہ کشمیر میں بھارتی حکومت کے کسی بھی یکطرفہ اقدام کا مخالف ہے اور وہ اس تنازع کا اقوام متحدہ کے منشور اور قراردادوں کے مطابق پُرامن حل چاہتا ہے۔