نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس، رمضان کیلئے قواعد پر عملدرآمد کا جائزہ

Last Updated On 26 April,2020 11:25 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کے زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس ہوا جس میں رمضان المبارک کے حوالے سے رہنما اصولوں اور صحت کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

تفصیل کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس میں رمضان المبارک کے حوالے سے رہنما اصولوں چھوٹے، درمیانی درجے کے کاروبار کیلئے پیکج صحت کی صورتحال اور اعدادوشمار مرتب کرنے کے امور کا جامع جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کی صدارت منصوبہ بندی وترقی کے وزیر اسد عمر نے کی۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہری علاقوں کی آبادی کو ان رہنما اصولوں کا عملدرآمد کرنے اور ماہ رمضان کے دوران کاروبار معمول کے مطابق نہ چلانے کے حوالے سے مسلسل آگاہی فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں کی آبادی ان رہنما اصولوں پر عملدرآمد کر رہی ہے جو حوصلہ افزا بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ضلع اور یونین کونسل کی سطح پر سیاسی قیادت کا عوامی تحفظ اور فلاح وبہبود کیلئے آگاہی پیدا کرنے میں اہم کردار ہے۔

اس موقع پر منصوبہ بندی وترقی کے وزیر اسد عمر نے کہا کہ صوبوں سے رمضان المبارک کے حوالے سے ضابطہ کار پر لوگوں کی طرف سے عملدرآمد میں پیشرفت کے بارے میں رپورٹ مانگی جا سکتی ہے۔

فورم نے صحت کی صورتحال اور کورونا وائرس کے حوالے سے مستقبل کے لائحہ عمل پر بھی غور کیا۔