کراچی: خلاف ورزی پر 3 مارکیٹیں سیل، اسسٹنٹ کمشنر اور دکانداروں میں تلخ کلامی

Last Updated On 13 May,2020 08:14 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ حکومت کی طرف سے جاری کیے گئے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد مارکیٹوں کو سیل کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی طرف سے کاروبار کھولنے کے لیے ایس او پیز جاری کیے گئے تھے جس کے بعد متعدد بار خلاف ورزی دیکھنے کو ملی، اس پر ایکشن لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے زینب مارکیٹ میں کارروائی کی اور اُسے سیل کردیا جبکہ اس دوران اسسٹنٹ کمشنر اور دکانداروں میں تلخ کلامی بھی ہوئی۔

 اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ ایس او پی کی خلاف ورزی پر زینب مارکیٹ کو سیل کیا گیا۔ سینیٹائزر ماسک اور گلووز دکانداروں نے نہیں پہن رکھے تھے۔

دوسری طرف عبدالله ہارون روڈ پر واقع زینب کے بعد وکٹوریہ اور انٹرنیشنل مارکیٹ بھی سیل کر دی گئی، مارکیٹوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ مارکیٹوں کے سروے پر ایس او پیز کی خلاف ورزی دیکھنے میں آیی ہے، مارکیٹوں میں دکانوں پر خریداروں کا رش دیکھنے میں آیا تھا، دکانوں میں خریدار اور دکان دار ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے پائے گئے۔

اُدھر انتظامیہ نے ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گل پلازہ کو بھی سیل کر دیا ہے۔

دوسری جانب صوبائی وزیر توانائی امتیاز شیخ کا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والوں سے متعلق کہنا ہے کہ دکانداروں کو دو دن تک وارننگز دی تھی آج تیسرا دن ہے عمل درامد نہیں ہوا تو کارروائی کی گئی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے ایس او پیز کی دھجیاں اڑادی گئی ہیں تاجروں نے ایس او پیز پر عمل درآمد کرنے کی یقین دہائی کرائی تھیں جس پر مارکیٹس کھلیں عمل درآمد نہ ہوا تو کارروائی کی جائے گی

دکانداروں کا کہنا ہے خردیداری کے لیئے آنے والے گاہگ احتیاطی ترابیر اختیار کرنے کے لیئے تیار نہیں اتنےرش میں ایس او پی عمل درآمد کرانا مشکل کام ہے
 

یہ بھی پڑھیں:اقدامات کی خلاف ورزی: ہال روڈ، شاہ عالم سمیت بڑی مارکیٹوں کو بند کرنے پر غور

دوسری طرف ایس او پیز کی خلاف ورزی پر طارق روڈ کی 3 دکانیں سیل کردی گئیں، تینوں دکانوں کو ایس او پیز کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔

مزید برآں پنجاب میں بھی حکومتی اقدامات کی خلاف ورزی کے بعد بعض مارکیٹوں کو فوری طور پر بند اور لاہور میں ہال روڈ، شاہ عالم مارکیٹ، انار کلی ، اعظم مارکیٹ کو بند کرنے پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، اجلاس میں مارکیٹوں کی صورتحال پر شدید تحفظات کا اظہار کیا گیا،

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بڑی اور چھوٹی مارکیٹوں میں ایس او پیز کی خلاف ورزی کی گئیں، بعض مارکیٹوں کو فوری طورپر بند کرنے کی تجویز پر غور شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں ہال روڑ، شاہ عالم مارکیٹ، انار کلی، اعظم مارکیٹ کو بند کرنے پر غور کیا گیا ہے، اچھرہ بازار، ٹاؤن شپ بازار سمیت دیگر جگہوں پر کوئی حفاظتی اقدامات نہیں۔ حکومت کا کورونا کے کیسز بڑھنے پر بعض مارکیٹوں کو بند کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے کے دوران دکانوں کا چالان ہو گا، پھر دکانیں بند کریں گے، ایس او پیز پر عملدآمد ہوتا دکھائی نہیں دے رہا، دکانوں پر شدید رش ہے۔

Advertisement