پنجاب میں میٹرک کے نتائج جاری ہونگے، پروموشن کے ایس او پیز جاری

Last Updated On 15 May,2020 09:05 am

لاہور: (عاطف پرویز سے) تعلیمی بورڈز کے امتحانات کی منسوخی کے بعد طلبہ کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کرنے کے ایس او پیز جاری کر دیے گئے۔ دسویں اور بارہویں کے طلبہ کو نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج کی بنیاد پر اگلی جماعتوں پر پروموٹ کیا جائے گا۔ پنجاب میں دسویں جماعت کے منعقد پرچوں کی چیکنگ کے بعد نتائج جاری کیے جائیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام صوبوں سے مشاورت کے بعد طلبہ کی اگلی جماعتوں میں پرموشن کے حوالے سے گائیڈ لائن دے دی ہے۔ پالیسی کے مطابق طلبہ کو چار کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ پہلی کیٹیگری میں وہ بچے شامل ہیں جو پہلی دفعہ دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات میں شرکت کررہے تھے۔ ان طلبہ کو نویں اور گیا رہویں جماعت کے امتحانات کے نتائج کی بنیاد پر اگلی جماعتوں میں پروموٹ کیا جائے گا جبکہ تین فیصد اضافی نمبرز بھی دیے جائیں گے۔

پنجاب میں لاک ڈاؤن سے قبل دسویں جماعت کے پرچے منعقد کیے جاچکے تھے۔ اس لیے دسویں جماعت کے بچوں کے نتائج جاری کیے جائیں گے، اس حوالے سے محکمہ ہائر ایجوکیشن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو ایک سمری بھجوائی ہے جس میں پرچوں کی چیکنگ کی اجازت مانگی گئی ہے۔ پالیسی کے مطابق تمام طلبا کو پریکٹیکل کے آدھے نمبر بلا تخصیص ملیں گے جبکہ باقی آدھے تھیوری امتحانات کے نمبروں کو دیکھتے ہوئے دیے جائیں گے۔

دوسری کیٹیگری میں وہ طلبا شامل ہیں، جنہوں نے اس سال نویں اور گیارہویں جماعت کے پرچے دینے تھے۔ انہیں بلا تخصیص اگلی جماعتوں میں پروموٹ کر دیا جائے گا اور اگلے سال کمپوزٹ کی بجائے صرف دسویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات دینگے اور ان امتحانات کے نتائج کے مطابق ہی نویں اور گیارہویں جماعت کے نمبر دیے جائیں گے۔

تیسری کیٹیگری میں امتحانات کے دوران مختلف مضامین میں فیل ہونے والے طلبا شامل ہیں، پالیسی کے مطابق چالیس فیصد مضامین میں فیل ہونے والے طلبہ کو گریس مارکس دے کر پاس کردیا جائے گا۔ باقی طلبہ کو اگلے امتحانات میں شرکت کرنا ہوگی۔

چوتھی کیٹیگری میں گیارہویں اور بارہویں کے کمپوزٹ امتحانات یا نمبروں میں بہتری کے لیے یا اضافی مضامین کے امتحان دینے والے طلبا شامل ہیں ۔ ان کے لیے ستمبر یا نومبر میں خصوصی امتحانات منعقد کیے جائیں گے اور ان سے امتحانی فیس نہیں لی جائے گی۔ وفاق کی جانب سے جاری گائیڈ لائن کے مطابق تمام صوبے اپنے بورڈز کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کریں گے۔ پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے نوٹیفکیشن آج یا کل متوقع ہے۔