بھارت میں مزید 18 مہاجر مزدور لاک ڈاؤن کا نشانہ بن گئے

Last Updated On 14 May,2020 05:25 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارت میں کورونا وائرس کے باعث لگے لاک ڈاؤن کے باعث ملک بھر میں کروڑوں لوگ بیروز گار ہو گئے ہیں جو اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں، اس دوران متعدد ٹریفک حادثات بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں، گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران چار مختلف سڑک حادثات میں 18 مہاجر مزدور ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق لاک ڈاؤن کی وجہ سے بے روزگار ہوجانے والے لاکھوں مزدور مرکزی اور ریاستی حکومتوں کی طرف سے طرح طرح کے وعدوں، ترغیبات، رکاوٹوں اور دھمکیوں کے باوجود سینکڑوں میل کا سفر پیدل طے کرکے کسی بھی حال میں اپنے گھر پہنچ جانا چاہتے ہیں۔

پچھلے 24 گھنٹے میں چار بڑے حادثات میں کم از کم 18مہاجر مزدور ہلاک ہوگئے اورتقریباً 70 دیگر زخمی ہوئے ہیں، جن کا مختلف ہسپتالوں میں علاج چل رہا ہے۔

پولیس کے مطابق مدھیا پردیش کے گونا ضلع میں ایک تیز رفتار بس نے اس ٹرک کوٹکر ماردی جس پر تقریباً 70مزدور سوار تھے۔ حادثے میں آٹھ مزدوروں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جب کہ 54 دیگر زخمی ہوگئے۔ ان میں کئی مزدوروں کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ بس پر سوار یہ مزدور مدھیا پردیش سے اترپردیش جارہے تھے۔ ان میں بیشتر اناؤ ضلع کے رہنے والے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت: پٹڑی پر سوئے مزدوروں کو ٹرین نے کچل ڈالا، 16 مزدور ہلاک

دوسرا حادثہ اترپردیش کے مظفر نگر ضلع میں پیش آیا جب پیدل جارہے مزدوروں کوایک بس نے کچل دیا۔ حادثے میں چھ مزدوروں کی موت ہوگئی۔ یہ مزدور پنجاب سے بہار کے گوپال گنج ضلع جارہے تھے۔

تیسرا حادثہ بھی اترپردیش کے کانپور دیہات علاقے میں اس وقت پیش آیا جب مزدوروں سے بھرے ایک چھوٹے ٹرک کو دوسرے ٹرک نے ٹکر مار دی۔ ٹرک پر 60 مزدور سوار تھے جو گجرات سے اترپردیش کے بلرام پور ضلع جارہے تھے۔ ا س حادثے میں ایک دوسالہ بچی سمیت تین افراد کی موت ہوگئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ٹرک والے نے ہر مسافر سے کرائے کے نام پر تین تین ہزار روپے وصول کیے تھے۔

چوتھا حادثہ بہار کس شہر سمستی پور میں اس وقت پیش آیا جب ٹرک نے اس بس کو ٹکر ماردی جس پر 32 مزدور سوار تھے۔ اس حادثے میں دو مزدوروں کی موت ہوگئی اور بارہ دیگر زخمی ہوگئے۔ بس مظفر پور سے کٹیہار جارہی تھی۔ یہ مسافر ممبئی سے ٹرین کے ذریعہ مظفرپور پہنچے تھے۔

دوسری طرف بھارت میں کورونا وائرس کا قہر مسلسل جاری ہے۔ حکومتی اعدادو شمار کے مطابق جمعرات 14مئی کواس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 78056 ہوگئی جبکہ 2551 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ پچھلے24 گھنٹے میں کووڈ انیس کے 3722 نئے کیسز سامنے آئے اور 134 افراد موت کی منہ میں چلے گئے۔
 

Advertisement