'اپنے خلاف کارروائی کا خیرمقدم، 3 بار وزیر بننے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے'

Last Updated On 15 May,2020 03:19 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) چودھری غلام سرور نے کہا ہے کہ تین بار وزیر بننے والوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے، نیب کو بلاتفریق احتساب کرنا چاہیے، اپنے خلاف کارروائی کا خیرمقدم کرتا ہوں۔

وفاقی وزیر ایوی ایشن غلام سرور نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا خبروں کی زینت بننے پر خوش ہوں، احتساب سب کا ہونا چاہیئے، ان کا بھی جو 3 یا 6 بار وزیر بنے، اپوزیشن کا احتساب ہوتا ہے تو حکومتی ارکان کا بھی ہونا چاہیئے، اپوزیشن کی طرح نیب کو غیر مناسب الفاظ سے یاد نہیں کروں گا۔

غلام سرور کا کہنا تھا دنیا بھر کے ممالک کورونا سے لڑ رہے ہیں، کورونا سے 37 ہزار لوگ متاثر جبکہ 803 اموات ہوئیں، زائرین اور قیدیوں کو بیرون ملک سے واپس لایا گیا، ایوی ایشن کے لوگ بھی کورونا سے شہید ہوئے، خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، پوری دنیا میں فلائٹ آپریشن معطل جبکہ ہم نے چلایا، 7 ہزار پاکستانیوں کو عید سے پہلے واپس لائیں گے، ہماری طرف سے کوئی کوتاہی نہیں ہے۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا خصوصی پروازیں امریکا سے بھی پاکستانیوں کو لا رہی ہیں، ہم نے کم وسائل میں پاکستانیوں کو واپس لانے کا سلسلہ شروع کیا، ہم نے حکومتی اجازت سے بین لاقوامی پروازیں شروع کیں، کورونا کی وجہ سے پی آئی اے کو ماہانا 5 ارب خسارہ ہوا۔