کورونا ٹیسٹ فری ہونے تک مریضوں کی اصل تعداد سامنے نہیں آئیگی، سراج الحق

Last Updated On 15 May,2020 04:37 pm

لاہور: (دنیا نیوز) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جب تک کورونا ٹیسٹ فری نہیں ہوتا، مریضوں کی اصل تعداد سامنے نہیں آئے گی۔

سینیٹر سراج الحق کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا ٹیسٹ اتنا مہنگا ہے کہ اسے کروانا غریب کے بس کی بات نہیں۔ کورونا مریضوں کے ساتھ اچھوتوں والا سلوک دیکھ کر کوئی بھی خود کو مریض ظاہر کرنے پر تیار نہیں ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ آج دنیا بھر کی سپر طاقتیں کورونا کے معمولی وائرس کے سامنے بے بس ہیں۔ ان طاقتوں نے دنیا بھر میں انسانوں خاص طور پر مسلمانوں پر زندگی تنگ کر رکھی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں جاری ظلم وجبر پر ہماری حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ حکومت اقوام متحدہ سمیت انسانی حقوق کے عالمی اداروں میں مسئلہ کشمیر کو ایک بار پھر پوری قوت سے اٹھائے۔