پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں اجازت کے بعد کراچی کے ٹرانسپورٹرز بھی میدان میں آ گئے

Last Updated On 17 May,2020 03:06 pm

کراچی: (دنیا نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخواہ میں ٹرانسپورٹرز کو اجازت کے بعد کراچی کے ٹرانسپورٹرز بھی میدان میں آ گئے۔ کہتے ہیں تمام ایس اوپیز پر عمل درآمد کرنے کو تیار ہیں، سندھ حکومت حتمی شکل دے کر ٹرانسپورٹ کھولے۔

دو ماہ کی بندش کے بعد کراچی کے ٹرانسپورٹرز کے صبر کا پیمانہ لبرز ہو گیا، خیبرپختونخواہ اور پنجاب میں ٹرانسپورٹرز کو اجازت ملی تو انہوں نے بھی سندھ حکومت سے پبلک ٹرانسپورٹ کھولنے کا مطالبہ کر دیا، صدر آل کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد ارشاد بخاری کہتے ہیں حکومت ایس او پیز تیار کرے عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

لاک ڈاون بندش سے شہر میں چلنے والی سات ہزار سے زائد بسوں کے ڈرائیورز، کنڈیکٹرز اور یومیہ اجرت پر کام کرنے والا دیگر عملہ سخت پریشان ہے۔ کہتے ہیں دیگر شعبوں کی طرح احتیاط کے ساتھ ٹرانسپورٹ کو بھی کھولا جاسکتا ہے۔ پبلک ٹرانسپورٹ بند ہونے سے شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔