وزیراعظم، جہانگیر ترین کی ملاقات کرانے میں پرویز خٹک ناکام

Last Updated On 18 May,2020 10:15 am

اسلام آباد: (طارق عزیز) وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیراعظم عمران خان اور جہانگیر ترین کے درمیان صلح کیلئے ملاقات کرانے میں ناکام رہے، وزیراعظم نے کہا کہ وہ سکینڈل کی حتمی رپورٹ آنے تک جہانگیر ترین سے ملاقات نہیں کریں گے، حتمی رپورٹ کے بعد صورتحال کے مطابق ملاقات کا فیصلہ کروں گا۔

پرویز خٹک اور اسد قیصر کی وزیراعظم اور جہانگیر ترین کے درمیان صلح کے لئے کوششیں جاری ہیں، وفاقی وزیر فواد چودھری بھی جہانگیر ترین کی حمایت میں کھل کر سامنے آگئے، انہوں نے اہم اجلسوں میں وزیراعظم کی موجودگی میں کہا کہ فرانزک رپورٹ آنے سے پہلے ہی بعض وزرا اور پارٹی عہدیداروں نے جہانگیر ترین کے خلاف خبریں لیک کر کے زیادتی کی۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے چینی سکینڈل کی فرانزک رپورٹ آنے تک جہانگیر ترین سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اہم وفاقی وزرا سمیت جن رہنماؤں نے وزیراعظم سے ملاقات کی اس دوران وزیراعظم نے مکمل خاموشی اختیار کرتے ہوئے اپنی رائے کا اظہار نہیں کیا، وزیراعظم صلح کے لئے کوشاں وزرا کو سن کر خاموش رہے اور جہانگیر ترین کیخلاف یا حق میں ایک لفظ تک نہیں کہا، وزیراعظم نے صرف اس بات پر اکتفا کیا کہ حتمی رپورٹ آنے تک ملاقات مناسب نہیں ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات اور صلح سے قبل اعظم خان سے ملاقات کی کوششیں جاری ہیں، اگر جہانگیر ترین اعظم خان کے درمیان برف پگھل جاتی ہے تو وزیراعظم عمران خان کیلئے ترین سے ملاقات آسان ہوجائے گی، پرویز خٹک اور دیگر وزرا اب اس کوشش میں ہیں کہ جہانگیر ترین اور اعظم خان کو بٹھا کر غلط فہمیاں دور کر لی جائیں، اس معاملہ پر بھی کوئی خاص پیش رفت سامنے نہیں آئی۔
 

Advertisement