کراچی طیارہ حادثہ: پائلٹ کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزیوں کا انکشاف

Last Updated On 03 June,2020 09:08 am

کراچی: (دنیا نیوز) کراچی طیارہ حادثے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں پائلٹ کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹٗی نے حادثے کا شکار طیارے کے پائلٹ کی جانب سے قواعد کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ جاری کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشن افتخار احمد نے پی آئی اے کے شعبہ سیفٹی کے جنرل مینیجر کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ائیر ٹریفک کنٹرولر لینڈنگ سے متعلق کپتان کو ہدایت دیتا رہا۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ کپتان نے ائیر ٹریفک کنٹرولر کی ہدایت پر عمل نہیں کیا۔ طیارہ کنٹرول زون اپروچ پوائنٹ پر تھا تو اس کی بلندی زیادہ تھی۔ کنٹرولر نے کپتان کو وارننگ دی کہ بلندی زیادہ ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ طیارہ سات ناٹیکل میل پر تھا تو طیارے کی اونچائی 5 ہزار دو سو فٹ تھی۔ کنٹرول ٹاور کے مطابق اپروچ پروفائل سے زیادہ تھی۔ دو بار کپتان کو طیارے بائیں جانب 180 ڈگری پر لے جانے کا کہا گیا۔

کپتان کو ہدایت دی گئی کہ اپروچ کیلئے مطلوبہ بلندی تک لے کر آئیں۔ طیارے کی اونچائی 3 ہزار پانچ سو فٹ تھی تو طیارہ چار ناٹیکل تیرہ سو فٹ پر آ گیا جبکہ لینڈنگ کیلئے درکار مطلوبہ رفتار دو سو پچاس ناٹ سے زیادہ تھی۔
 

Advertisement