ایئربس ماہرین نے ایف ڈی آر، سی وی آر کی مرمت کرلی، ڈی کوڈنگ شروع

Last Updated On 02 June,2020 11:36 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ایئربس ماہرین کی ٹیم نے فلائیٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی مرمت کے بعد ڈی کوڈنگ شروع کر دی ہے۔

تفصیل کے مطابق کراچی طیارہ حادثہ کی تحقیقات میں تیزی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔ فرانس میں ایئربس ماہرین کی انوسٹی گیشن ٹیم نے فلائیٹ ڈیٹا ریکارڈر اور کاک پٹ وائس ریکارڈر کی مرمت کے بعد ڈی کوڈنگ کےعمل کا آغاز کر دیا ہے۔

مرمت اور ڈی کوڈنگ کا کام پاکستانی حکومت کے قائم کردہ انوسٹی گیشن بورڈ کے سربراہ کی موجودگی میں کیا گیا۔ طیارہ حادثہ کے تحقیقاتی بورڈ کے سربراہ نے فرانس میں ایئربس حکام سے ملاقات بھی کی جس میں فرانس کی سیفٹی انویسٹی گیشن بورڈ اور انجن بنانے والی کمپنی کے حکام نے بھی شرکت کی۔

حادثے کا شکار طیارہ غیر ملکی کمپنی سے 2014ء میں چھ سالہ ڈرائی لیز پر لیا گیا تھا۔ انشورنس کی رقم دو کروڑ ڈالر پی آئی اے کے بجائے غیر ملکی لیزنگ کمپنی کو ادا کی جائے گی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق مسافروں کی لائف انشورنس کی رقم مروجہ قوانین کے تحت لواحقین کو 50 لاکھ روپے فی کس کے حساب سے ادا کی جائے گی۔

 

Advertisement