لاہور: (دنیا نیوز) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے۔ صدر پاکستان مسلم لیگ نون کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا۔
لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے قوم سے شہباز شریف کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا، تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ شہباز شریف کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے، یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی۔
عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا شہباز شریف نے نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔
ترجمان پاکستان مسلم لیگ نون مریم اورنگزیب نے کہا گزشتہ رات شہباز شریف کی رپورٹ مثبت آئی ہے، انہوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا، شہباز شریف کینسر میں مبتلا رہے ہیں، نیب کو متعدد بار ان کی طبیعت سے آگاہ کیا، نیب کو ویڈیولنک سے تفتیش کا بھی کہا تھا، شہباز شریف ڈاکٹرز کی ہدایات کے مطابق چل رہے ہیں، وہ بار بار کورونا ٹیسٹ کرا رہے تھے۔
واضح رہے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی احسن اقبال، تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار، فرخ حبیب، جے یو آئی (ف) کی شاہدہ اختر علی، ایم کیو ایم کے رکن قومی اسمبلی اسامہ قادری، سینیٹر ثنا جمالی وائرس کا شکار ہوگئے جس کے بعد تمام لوگوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔
خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 536 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 101 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 356 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 834 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 45 ہزار 463، سندھ میں 43 ہزار 709، خیبر پختونخوا میں 15 ہزار 206، بلوچستان میں 7 ہزار 335، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 18، اسلام آباد میں 6 ہزار 236 جبکہ آزاد کشمیر میں 488 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 7 لاکھ 80 ہزار 825 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار 573 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 38 ہزار 391 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 101 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 356 ہوگئی۔ سندھ میں 738، پنجاب میں 841، خیبر پختونخوا میں 619، اسلام آباد میں 62، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 73 اور آزاد کشمیر میں 9 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔