شہباز شریف، ڈاکٹر رمیش کمار، خواجہ اظہار الحسن کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

Last Updated On 11 June,2020 08:00 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر میاں محمد شہباز شریف، پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار، ایم کیو ایم کے خواجہ اظہار الحسن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔

لیگی رہنما عطاء اللہ تارڑ نے قوم سے شہباز شریف کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف کو ان حالات میں نیب میں طلب کر کے ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالا گیا، تحریری طور پر نیب کو متعدد بار آگاہ کیا کہ وہ کینسر کے مرض میں مبتلا رہے ہیں اور ان کی قوت مدافعت عام لوگوں کی نسبت کم ہے، یہاں تک کہ ویڈیو لنک پر تفتیش کرنے کی پیشکش کی۔

عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ شہباز شریف نے نیب کی پیشی کے علاوہ نہ کسی سے ملاقات کی اور نہ ہی کہیں اور گئے، اگر شہباز شریف کو کچھ ہوا تو عمران نیازی اور نیب ذمہ دار ہوں گے، شہباز شریف نے ماڈل ٹاؤن رہائشگاہ پر اپنے آپ کو قرنطینہ کر لیا ہے اور ڈاکٹروں کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال، فرخ حبیب، خرم شیر زمان سمیت متعدد سیاستدانوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آ گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 3 ماہ سے احتیاط اور ایس او پیز پر مکمل عمل کررہا تھا، دوست سے چند لمحوں کی ملاقات نے خطرناک وائرس کو موقع فراہم کردیا، اپنا قوت مدافعت مضبوط کرنے کیلئے اچھی خوراک لے رہا ہوں، خدا کے فضل اور لوگوں کی دعاؤں کی بدولت کورونا کو شکست دینے کیلئے پرعزم ہوں، خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی وبا کے پاکستان میں ڈیرے، کئی اہم شخصیات بھی کورونا وائرس کا شکار

اُدھر متحدہ قومی موومنٹ ( ایم کیو ایم ) پاکستان کے رہنما و رکن سندھ اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔

خواجہ اظہار الحسن کا کہنا ہے کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، جس کے بعد میں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔ اے پی سی کے دوران کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کا پیغام موصول ہوا۔ آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے دوران ہی گھر روانہ ہوگیا اور خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 536 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 101 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 356 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 834 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 45 ہزار 463، سندھ میں 43 ہزار 709، خیبر پختونخوا میں 15 ہزار 206، بلوچستان میں 7 ہزار 335، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 18، اسلام آباد میں 6 ہزار 236 جبکہ آزاد کشمیر میں 488 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 7 لاکھ 80 ہزار 825 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26 ہزار 573 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 38 ہزار 391 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 101 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 356 ہوگئی۔ سندھ میں 738، پنجاب میں 841، خیبر پختونخوا میں 619، اسلام آباد میں 62، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 73 اور آزاد کشمیر میں 9 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

 

Advertisement