پاکستان کی کابل میں مساجد پر دھشت گرد حملوں کی شدید مذمت

Last Updated On 14 June,2020 02:23 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے کابل میں مساجد پر دھشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کہتی ہیں کہ افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں، عبادت گاہوں پر دہشت گردی کی کوئی جواز نہیں ہو سکتا۔

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کابل کے علاقے وزیر اکبر خان اور شیر شاہ سوری مساجد پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔ ان گھناونے حملوں کی وجہ سے معروف عالم دین ڈاکٹر ایاز نیازی اور مولوی عزیز اللہ موفلیح سمیت کئی نمازی شہید ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ غمزدہ خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لئے دعاگو ہیں۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کا اعادہ کرتے ہیں۔ عبادت گاہوں پر دھشت گردی کی کوئی توجیہ نہیں ہوسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ہر طرح کی دھشت گردی کی مذمت کرتا ہے۔