اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف آج پارلیمان میں بھرپور احتجاج کا اعلان کر دیا۔ پارٹی صدر شہباز شریف نے خواجہ آصف کو اپوزیشن جماعتوں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کر دی۔
اپوزیشن مل کر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی واپسی کا مطالبہ کرے گی۔ ملکی تاریخ کے بلند ترین 33 فیصد اضافے کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتیں احتجاج میں شامل ہوں گی۔ اپوزیشن نے حکومتی سرپرستی میں سرگرم چینی کے بعد پیٹرول مافیا کو پارلیمنٹ میں بے نقاب کرنے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے اس پر اتفاق کیا ہے کہ عوام کی مشکلات اور توقعات کو بھرپور طور پر پارلیمان میں پیش کیا جائے۔
اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے ایوان میں احتجاج کی حکمت عملی مرتب کرلی ہے۔ غریبوں کی زندگی پہلے ہی اجیرن بن چکی ہے، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے ان کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، حکومت نے پیٹرول کی قیمتوں میں گزشتہ کمی کا فائدہ بھی عوام کو نہیں دیا۔