پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ سیکیورٹی جوانوں نے بہادری سے ناکام بنایا: وزیراعظم

Last Updated On 29 June,2020 12:16 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے کراچی سٹاک ایکسچینج پر دہشت گردی حملے کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا سیکیورٹی اداروں کے جوانوں نے بہادری سے دشمن کا مقابلہ کیا اور اس حملہ کو ناکام بنایا۔

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے، شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور زخمیوں کی صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں۔

 دوسری جانب گورنر اور وزیراعلیٰ سندھ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج پر فائرنگ اور دستی بم حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی۔

گورنر سندھ نے آئی جی کو فون کر کے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ عمران اسماعیل کا کہنا تھا سٹاک ایکسچینج کو سیکیورٹی فراہم کرنا پولیس کی ذمہ داری ہے، سٹاک ایکسچینج پر حملہ پاکستان کی معیشت پر حملہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے پولیس، رینجرز کی طرف سے بر وقت کارروائی کو سراہا۔ مراد علی شاہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کی ہدایت دے دی۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا پاکستان سٹاک ایکسچینج پر حملہ ملکی سلامتی اور معیشت پر حملے کے مترادف ہے، وبائی صورتحال کے پیش نظر ملک دشمن عناصر ناجائز فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں، واقعے کی مکمل تفصیلی انکوائری کر کے رپورٹ پیش کی جائے۔

Advertisement