اسلام آباد: (دنیا نیوز) شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہم آخری انتخاب اور نہ ہی مائنس ون ہیں، مائنس کی بات آئی تو مائنس تھری ہوگا، دونوں سیاسی جماعتیں سنگین کیسز میں پکڑی گئی ہیں حکومت کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، طے ہو چکا اپوزیشن نالائق ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا پٹرول کی قیمت بے وقت اور ایک سازش کے تحت بڑھائی گئیں، چینی کا کیس دونوں طرف سنجیدہ ہوسکتا ہے، پی ٹی آئی اپنے گندے کپڑے میڈیا پر نہ دھوئے۔ انہوں نے کہا ساری قوم کو انہوں نے لوٹ کر مار ڈالا، اپوزیشن کچھ نہیں کر پا رہی، بد قسمتی ہے وزرا اپوزیشن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا چودھری برادران کہیں نہیں جا رہے، انہوں نے ووٹ دیا ہے۔ انہوں نے کہا شیخوپورہ حادثہ کوسٹر ڈرائیور کی غفلت سے پیش آیا، پھاٹک بند تھا، ڈرائیور نے سائیڈ سے بس گزارنے کی کوشش کی، رواں سال ریلوے کی ترقی کا سال ہے۔
وفاقی وزیر ریلوے نے مزید کہا لوگ کہتے ہیں ریلوے 10 سال پیچھے چلی گئی، ایم ایل ون انقلابی منصوبہ ہے، ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو روزگار ملے گا، چین نے ریلوے کی ترقی میں ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا، ریلوے کرایوں میں اضافے کی تجویز مسترد کر دی، ریلوے کے کرایوں میں کوئی اضافہ نہیں ہوگا، ریلوے کیسز نیب کے حوالے کرنے جا رہے ہیں۔