شیخ رشید کورونا کا شکار: وفاقی وزیر ریلوے گھر پر 2 ہفتے کیلئے آئسولیٹ

Last Updated On 08 June,2020 01:13 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید بھی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے، شیخ رشید نے خود کو گھر میں 2 ہفتے کے لئے قرنطینہ کرلیا۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 671 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 65 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 67 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 38 ہزار 903، سندھ میں 38 ہزار 108، خیبر پختونخوا میں 13 ہزار 487، بلوچستان میں 6 ہزار 516، گلگت بلتستان میں 932، اسلام آباد میں 5 ہزار 329 جبکہ آزاد کشمیر میں 396 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 7 لاکھ 5 ہزار 833 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 650 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 34 ہزار 355 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 65 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 67 ہوگئی۔ سندھ میں 650، پنجاب میں 715، خیبر پختونخوا میں 575، اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 13، بلوچستان میں 54 اور آزاد کشمیر میں 8 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement