شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار، خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا

Last Updated On 08 June,2020 11:56 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے، ٹیسٹ رپورٹ مثبت آنے پر لیگی رہنما نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔

پاکستان میں کورونا وائرس سے اہم سیاسی شخصیات بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بھی اس وبا کا شکار ہو گئے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے شاہد خاقان عباسی کے کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیراعظم کی کورونا ٹیسٹ رپورٹ مثبت آگئی، جس کے بعد انہوں نے خود کو اپنے گھر میں قرنطینہ کر لیا ہے۔

دوسری جانب شہباز شریف نے شاہد خاقان عباسی کے کورونا پازیٹو ہونے پر اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے کہا شاہد خاقان پارٹی کا قیمتی سرمایہ ہیں، اللہ تعالی انہیں صحت کاملہ عطا فرمائے، شاہد خاقان ایک ایماندار، اہل اور قوم کا درد رکھنے والے قابل اور وفا شعار انسان ہیں، کورونا سے متاثرین کی بڑھتی تعداد نے خوفناک شکل اختیار کر لی ہے اللہ تعالی سے دعا ہے شاہد خاقان عباسی سمیت تمام متاثرہ افراد کو صحت کاملہ عطا فرمائے۔

ادھر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے شاہد خاقان عباسی کو ٹیلی فون کیا اور خیریت دریافت کی۔

خیال رہے پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار 671 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 65 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 67 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 728 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 38 ہزار 903، سندھ میں 38 ہزار 108، خیبر پختونخوا میں 13 ہزار 487، بلوچستان میں 6 ہزار 516، گلگت بلتستان میں 932، اسلام آباد میں 5 ہزار 329 جبکہ آزاد کشمیر میں 396 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 7 لاکھ 5 ہزار 833 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 22 ہزار 650 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 34 ہزار 355 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔

پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 65 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 67 ہوگئی۔ سندھ میں 650، پنجاب میں 715، خیبر پختونخوا میں 575، اسلام آباد میں 52، گلگت بلتستان میں 13، بلوچستان میں 54 اور آزاد کشمیر میں 8 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
 

Advertisement