وزیراعظم نے آئسولیشن اور وبائی امراض کے جدید ہسپتال کا افتتاح کر دیا

Last Updated On 09 July,2020 02:08 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان نے آئسولیشن اور وبائی امراض کے جدید ہسپتال کا افتتاح کر دیا۔ این ڈی ایم اے نے 250 بیڈز پر مشتمل طبی مرکز 40 دن میں مکمل کیا۔

وزیراعظم عمران خان کو اسلام آباد میں آئسولیشن ہسپتال اور انفیکشنز ٹریٹمنٹ سینٹر سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس مو قع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چینی سفیر، وفاقی وزراء شبلی فراز، اسد عمر و دیگر بھی تھے۔ جدید سہولیات سے آراستہ 250 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال بہترین سازو سامان اور ادویات کے ساتھ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے استعمال ہوگا۔ آئسولیشن ہسپتال کی تعمیر سے اسلام آباد کے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔

اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا مختصر مدت میں جدید ہسپتال کا قیام قابل تعریف ہے، زیادہ لوگوں کے جمع ہونے پر وائرس تیزی سے پھیلتا ہے، وبا کا پھیلاؤ کم ہو رہا ہے، اللہ تعالیٰ نے کرم کیا، عوام سے اپیل ہے عید پر ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، عوام لاپرواہی نہ کریں، عید سادگی سے منائیں۔