آذربائیجان میں آرمینیا کا فوجی حملہ، پاکستان کی جانب سے سخت مذمت

Last Updated On 14 July,2020 05:31 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان نے اتوار کو آذربائیجان کے ضلع تووز میں آرمینیا کی فوج کی طرف سے حملے کی سخت مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں آذربائیجان کے متعدد شہری ہلاک ہوئے۔

 

ایک بیان میں دفترخارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ ہم متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نگورنو کاراباخ کا حل طلب تنازع علاقائی امن وسلامتی کےلئے سنگین خطرہ ہے جس کے دورس نتائج مرتب ہوں گے۔

ترجمان نےکہا کہ آرمینیا کی حالیہ اشتعال انگیز کارروائی عالمی برادری کو گمراہ کرنے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق نگورنو کاراباخ کے تنازع کے پرامن حل کے لئے جاری مذاکرات کو نقصان پہنچانے کی کوششوں کا مظہر ہے۔

نگورنو کاراباخ تنازع کے بارے میں پاکستان کے اصولی موقف کی توثیق کرتے ہوئے انہوں نے جمہوریہ آذربائیجان کی خود مختاری اور علاقائی یکجہتی کے لئے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔