بھارت مظالم سے کشمیری عوام کی آزادی کی خواہش کو دبا نہیں سکتا، منیر اکرم

Last Updated On 14 July,2020 09:35 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے منیر اکرم نے کہا ہے کہ کشمیری عوام کی اپنے حق خود ارادیت کے حصول کی جدوجہد اب مزید متحرک اور فعال ہو گئی ہے۔ بھارت کے مسلسل مظالم کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی خواہش کو دبایا نہیں جا سکتا۔

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ بدلتی ہوئی عالمی اور علاقائی سٹریٹجک صورتحال کی وجہ سے کشمیریوں کے بھارتی تسلط سے آزادی کا خواب شرمندہ تعبیر ہونے کے عمل کو پورا کرنے کی رفتار تیز ہوگئی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر نے کہا کہ جموں وکشمیر کے عوام کا پیدائشی حق خودارادیت اقوام متحدہ کے منشور، انسانی حقوق کے بارے میں اقوام متحدہ کنونشنوں اور بین الاقوامی قانون کے عین مطابق ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس حق کا خاص طور سے جموں وکشمیر کے عوام سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں میں وعدہ کیا گیا ہے جنہیں پاکستان اور بھارت نے بھی تسلیم کیا ہے۔

منیر اکرم نے کہا کہ کشمیری عوام کی خواہشات کے منافی تنازعے کا کوئی بھی حل کشمیری عوام اور پاکستانیوں کے لئے قابل قبول نہیں ہوگا۔
 

Advertisement