پاکستان کسی بھی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے، صدر آزاد کشمیر

Last Updated On 14 July,2020 09:37 pm

مظفر آباد: (دنیا نیوز) صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ پاکستان آزاد کشمیر کے خلاف کسی قسم کی بھارتی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

ان خیالات کا اظہار اْنہوں نے تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل کے زیر اہتمام یوم شہداء کشمیر کے حوالے سے ایک خصوصی ویڈیو کانفرنس کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔

انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم یوم شہداء کشمیر ایسے المناک حالات میں منا رہے ہیں، جب کشمیریوں کو یہ دن سرینگر اور مقبوضہ وادی کے دوسرے علاقوں میں بھی منانے کی اجازت نہیں ہےِ۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی علیحدہ شناخت کو ختم کرنے کے بعد اب کشمیر کی مسلم شناخت بھی ختم کرنے پر تل گئی ہے اور وہاں نئے ڈومیسائل قوانین نافذ کر کے بھارتی شہریوں کو مقبوضہ ریاست میں آباد کرنے کے لیے تیزی سے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کیا جائے۔

صدر آزاد کشمیر نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کی حمایت کرنے اور بی جے پی، آر ایس ایس کی دہشتگردی کی مشین کو زمین بوس کرنے کیلئے اپنا کردار اد ا کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کی نظریں دنیا کی پارلیمانز، سول سوسائٹی اور اقوام متحدہ پر مرکوز ہیں۔ عالمی برادری اب زبانی جمع خرچ کرنے کے بجائے عملی اقدامات اْٹھائے کیونکہ بھارت کے مظالم اور عالمی برداری کی بے رخی کے باعث کشمیر کے نوجوانوں میں غم و غصہ اور بے چینی اب اتنہا کو چھو رہی ہے۔

مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور قتل و غارت کا تذکرہ کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کیلئے کورونا سے زیادہ بی جے پی، آر ایس ایس کی فسطائی حکومت ایک وبا ہے جس نے اس سال جنوری سے جون تک 148 بیگناہ کشمیریوں کو شہید اور سینکڑوں کو زخمی اور معذور کیا اور ہزاروں دوسرے شہریوں کو گرفتار کر کے جیلوں میں بند کر رکھا ہے جہاں اْنہیں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
 

Advertisement