ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس: آصف زرداری پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنیکا فیصلہ

Last Updated On 15 July,2020 10:54 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) احتساب عدالت نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں آصف علی زرداری پر ویڈیو لنک کے ذریعے فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ عدالت نے نیب کو فرد جرم کے لیے ویڈیو لنک انتظام کرنے کا حکم دے دیا۔

احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر حکم نامہ جاری کیا۔ جعلی اکاؤنٹس کیسز کے ٹھٹہ واٹر سپلائی ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری نے ایک بار پھر عدالت پیشی سے معذرت کرلی۔ آصف علی زرداری نے موقف اپنایا کہ کورونا اور بیماریوں کی وجہ سے عدالت پیش نہیں ہوسکتا۔

احتساب عدالت نے آصف زرداری کے شریک ملزم اشفاق لغاری کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے مقدمہ سے الگ کر دیا۔ عدالت نے آصف علی زرداری سمیت 14 ملزمان کو 4 اگست کو طلب کرلیا۔