مالی سال 2020 میں بیرونی سرمایہ کاری میں 88 فیصد اضافہ خوش آئند ہے: علیم خان

Last Updated On 19 July,2020 11:22 am

لاہور: (دنیا نیوز) پنجاب کے سینئر وزیر عبد العلیم خان نے کہا ہے کہ گزشتہ 2 برسوں میں کرپشن اور کمیشن مافیا کی حوصلہ شکنی ہوئی ہے، مالی سال 2020 میں بیرونی سرمایہ کاری میں 88 فیصد اضافہ خوش آئند ہے، بعض عناصرترقی کی بجائے منفی خبروں کی زیادہ تشہیر کر رہے ہیں۔

سینئر وزیر پنجاب عبدالعلیم خان نے مختلف وفود سے گفتگو میں کہاکہ ملک میں گزشتہ سال اڑھائی ارب ڈالر کی عالمی انویسٹمنٹ حوصلہ افزا ہے، چین اور ناروے جیسے ممالک کی سرمایہ کاری روزگار کے مواقع لائے گی۔ ملک میں مشکلات اور چیلنجز کے باوجود ترقی کا سفر جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا ویژن ملک کو ترقی و خوشحالی سے ہمکنار کر رہا ہے، مالی سال کے آخری ماہ جون میں ساڑھے17کروڑ ڈالر کی سرمایہ کار ہوئی، ٹیلی کام، مائیکرو فنانس بینکنگ کے پراجیکٹ میں زیادہ انویسٹمنٹ ہوئی۔

سینئر وزیر پنجاب نے کہا کہ ہائیڈل پاور منصوبے اور تیل و گیس کے میگا پراجیکٹ حکومت کا کریڈٹ ہیں، بھاری سرمایہ کاری وزیراعظم عمران خان کی شخصیت پر اعتماد کا اظہار ہے۔ موجودہ حکومت شو بازی کی بجائے حقیقی ترقی اور مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے، ملکی ترقیاتی ادارے بھی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

علیم خان نے کہا کہ سال2023 تک حکومت اپنے منشور پر زیادہ سے زیادہ عملدرآمد کر چکی ہو گی۔