قومی مالیاتی کمیشن سے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو نکال دیا گیا

Last Updated On 22 July,2020 03:03 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ایف سی کی تشکیل پر وفاقی حکومت نے یوٹرن لے لیا۔ وفاقی حکومت نے مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو این ایف سی سے نکال دیا جس کے بعد اسلام آباد ہائیکورٹ نے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف ن لیگ کی درخواست نمٹا دی۔

 اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے خلاف ن لیگ کی درخواست پر سماعت کی۔ اس موقع پر اٹارنی جنرل نے این ایف سی کی تشکیل کا نیا نوٹیفیکیشن اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیش کردیا جس کے بعد قومی مالیاتی کمیشن کی تشکیل کیخلاف ن لیگ کے انجینئر خرم دستگیر کی درخواست نمٹا دی گئی۔

اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے بتایا کہ جس نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا وہ حکومت نے واپس لے لیا، حکومت نے اب نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، نئے نوٹیفکیشن کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کو کمیشن میں شامل نہیں کیا گیا۔

ن لیگ کے وکیل بیرسٹر محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہ ہمارا اعتراض تھا کہ ہم سے مشاورت کے بغیر مالیاتی کمیشن تشکیل دیا گیا ہماری یہ کامیابی ہے کہ حکومت کو ہم نے آئین کے تحت کام کرنے پر مجبور کیا۔ اٹارنی جنرل نے کہا کہ پرانے مالیاتی کمیشن کی تشکیل کے نوٹیفیکیشن پر مجھے بھی اعتراض تھا۔